Aaj News

امریکا کے دوسرے سب سے بڑے ڈیم میں دھماکا، علاقہ لرز اٹھا

دھماکے کے بعد ٹربائن ہاؤس سے آگ کے شعلے اور کالا دھواں بڑے پیمانے پر اٹھتا دیکھا گیا
Published 20 Jul, 2022 12:13pm

امریکا کے دوسرے سب سے بڑے ڈیم میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے باعث پورا علاقہ لرز اٹھا۔

امریکی ریاست لاس ویگاس کے قریب دریائے کولوراڈو پر واقع ہوور ڈیم کمپلیکس میں آتشزدگی سے ہائیڈرو الیکٹرک کمپلیکس کو نقصان پہنچا۔

نیواڈا اور ایریزونا کی سرحد پر واقع ہوور ڈیم تین ریاستوں کو بجلی فراہم کرتا ہے۔

حکام کے مطابق بجلی پیدا کرنے والے ٹربائن ہاؤس کے ایک ٹرانسفارمر میں لگنے والی آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

دھماکے کے بعد ٹربائن ہاؤس سے آگ کے شعلے اور کالے دھوئیں کو بڑے پیمانے پر اٹھتے دیکھا گیا، لیکن تقریباً 30 منٹ میں آگ پر قابو پالیا گیا۔

دریں اثنا، ڈیم کے اوپر موجود سیاحوں کو فوری طور پر علاقے سے محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ 1930 میں تعمیر ہونے والا ہوور ڈیم دنیا کا سب سے بڑا اور اونچا ڈیم تھا، لیکن ان دنوں یہ امریکا کا دوسرا سب سے اونچا ڈیم ہے۔

urdu