Aaj News

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں اضافہ، 33.12 فیصد تک پہنچ گئی

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
Published 15 Jul, 2022 05:44pm

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 0.01 فیصد معمولی اضافے کے ساتھ 33.12 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کی گئی، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 29 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے پانچ اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جبکہ 17 میں استحکام رہا۔

ایک ہفتے کے دوران آلو 4.72 فیصد، چکن 4.45 فیصد اور چاول 1.17 فیصد مہنگے ہوئے۔

رواں ہفتے کیلے 2.82 اور دال چنا 0.67 فیصد سستی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر ڈیزل 141.46 فیصد اور پٹرول 119 فیصد مہنگا ہوا۔

سالانہ بنیادوں پر پیاز کی قیمتوں میں 89 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ دال مسور 88.60 اور گھی 79 فیصد مہنگا ہوا۔

خوردنی تیل کی قمیتوں میں 73 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایک سال میں چکن 52.61، دال چنا 51، اور لہسن 40.54 فیصد مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیادوں پر سرخ مرچ 43.42، چینی 15، گُڑ 2.41 اور دال مونگ دو فیصد سستی ہوئی۔

urdu