Aaj News

سہراب گوٹھ واقعہ: معاملے کو لسانی رنگ نہ دیا جائے، شرجیل انعام میمن

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شفاف انکوائری کرکے حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے۔
Published 15 Jul, 2022 04:40pm

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئیر رہنما اور وزیرِ اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ پر افسوس ناک واقعہ پیش آیا، معاملے کو لسانی رنگ نہ دیا جائے، واقعہ کا لسانیت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

شرجیل انعام میمن نے واقعہ سے متعلق پریس کانفرنس میں کہا کہ سندھ میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنا چاہتے ہیں، امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی ترجیح ہے، ہم کسی بھی واقعہ کو ہوا دینا نہیں چاہتے۔

انہوں نے کہا کہ شفاف انکوائری کرکے حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے، امن وامان خراب کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے، چند عناصر ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ سہراب گوٹھ پر سیاسی لوگ تھے جو اب اقتدار میں نہیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر گھیراؤ کی اطلاعات آرہی ہیں، عوام انتشار پھیلانے والوں سے ہوشیار رہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے سوشل میڈیا پر فسادات پھیلانے والوں کو گرفتار کرے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ غلط بات کرنے والوں کو چھوڑا نہیں جائے گا، حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گی، گرفتار کرے گی۔

پی ٹی آئی پر فوری پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ لی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ کا کہنا تھا کہ سیاست میں نفرتیں پیدا نہ کی جائیں، واقعہ کو لسانیت کا رنگ نہ دیا جائے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور صوبائی رکن اسمبلی امان اللہ محسود کا کہنا تھا کہ سندھ میں پختونوں کی بڑی تعداد موجود ہے، ہم سب سندھ میں امن چاہتے ہیں، امن وامان کیلئے پختون اپنا کردار ادا کریں۔

urdu