Aaj Logo

Published 15 Jul 2022 07:07pm

مغوی عمر جاوید کی رہائی کیلئے پاک فوج کا آپریشن جاری، 5 دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ زیارت کے علاقے میں 14 اور 15 جولائی کی درمیانی شب مغوی عمر جاوید کی رہائی کیلئے جاری آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک کردئیے گئے۔

جاری بیان کے مطابق خوست کے قریب خلافت کی پہاڑیوں میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کی نشاندہی کی، گھیرا بندی دوران دہشت گردوں نے فوجی اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں حوالدار خان محمد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔

کلیئرنس آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی کے 5 دہشت گرد مارے گئے۔

پس منظر

گزشتہ روز آئی ایس پی آر نے تصدیق کی تھی کہ پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ اور ان کے کزن عمر جاوید کو کوئٹہ سے آتے ہوئے زیارت کے قریب 10 سے 12 دہشتگردوں نے اغوا کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ دونوں کو اغوا کرنے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر آرمی کی کوئیک ری ایکشن ٹیم بھیجی گئی، ایس ایس جی ٹروپس اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے سرچ آپریشن ہوا۔

دہشتگرد جنرل ایریا منگی ڈیم کی طرف فرار ہورہے تھے، جب کہ 6 سے 8 دہشتگردوں کو قریبی پہاڑوں میں بنے نالے میں جاتے دیکھا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اپنا گھیراؤ ہوتا دیکھ کر دہشتگردوں نے لیفٹننٹ کرنل لئیق کو گولی مار کر شہید کردیا، فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد مارے گئے۔

دیگر دہشتگرد مغوی عمر کو ساتھ لے کر فرار ہوگئے، نامناسب موسم کے باوجود سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔

Read Comments