سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ میں 1100ارب روپے ان چوروں کو ہضم کرنے نہیں دوں گا، آخری گیند تک ان چوروں کا مقابلہ کروں گا۔
فیصل آباد کے چک جھمرہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا عمران خان نے کہا کہ اللہ نے میری قوم میں شعور پیدا کیا ہے، قوم جانتی ہے کہ اس ملک میں بیرونی سازش ہوئی۔
سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ 30 سال سے دو خاندان اس ملک کو لوٹ رہے تھے، ان کے دور میں کرپشن کیسز بنے ہوئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ میچ جیت جائیں گے، میں ابھی سے آپ کو مبارکباد دیتا ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں کے میر جعفر اور میر صادق بھی بیرونی سازش میں ملوث تھے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 80 ہزار پاکستانی امریکی جنگ میں مارے گئے، آج بھی اس جنگ کی وجہ سے ہمارے لوگ شہید ہو رہےہیں، ایک ٹیلی فون کال پر اس وقت کے سربراہ نے گھٹنے ٹیک دیئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی سے دشمنی نہیں، سب سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں، ہم غلامی کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ امریکا کو یہ پتا تھا میں اپنی قوم کو غلامی نہیں کرنے دوں گا، امریکا بوٹ پالش کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔
انہوں نے قوم سے سوال کیا کہ پاکستانیوں 32 سال سے آپ بھیک مانگ رہے ہیں، کیا آپ بھکاری ہیں؟