Aaj News

جلدی آؤٹ ہونے پر بھارتی فرنچائز مالک نے مجھے چار تھپڑ رسیدے، راس ٹیلر کا الزام

ہم ملین ڈالر رقم کی ادائیگی تمہیں صفر پر آؤٹ ہونے کے لئے نہیں کرتے، جس کے بعد فرنچائز مالک نے انہیں چار تھپڑ دے مارے
Updated 13 Aug, 2022 11:01pm

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز راس ٹیلر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف کردیا۔

اپنی کتاب بعنوان ‘بلیک اینڈ وائٹ’ میں سابق کیوی کرکٹر نے دعویٰ کیا کہ 2011 کے آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کی نمائندگی کرتے ہوئے پنجاب کنگز کے خلاف میچ جاری تھا جس میں 195 رنز ے کے ہدف کا تعاقب کیا جا رہا تھا۔

سابق کرکٹر نے لکھا کہ اس میچ کے دوران وہ بغیر کسی اسکور کے آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ٹیم ہدف کے قریب جانے میں ناکام رہی۔

راس ٹیلر کا کہنا تھا کہ میچ کے بعد ٹیم، سپورٹ اسٹاف اور منیجمنٹ ہوٹل کی آخری منزل پر واقع ایک بار میں تھے، اس وقت برطانوی اداکارہ لز ہرلی اور آسٹریلوی لیجنڈ کرکٹر شین وارن بھی موجود تھے۔

انہوں نے لکھا کہ فرنچائز کے ایک مالک کا مجھ سے مخاطب ہوکر کہنا تھا کہ ہم ملین ڈالر رقم کی ادائیگی تمہیں صفر پر آؤٹ ہونے کے لئے نہیں کرتے، جس کے بعد انہوں نے مجھے چار تھپڑ دے مارے البتہ وہ تپھڑ اتنے زور دار بھی نہیں تھے۔

سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ تھپڑ مارنے کے بعد فرنچائز مالک ہنس رہے تھے لیکن مجھے یقین نہیں کہ وہ مکمل طور پر ایکٹنگ تھی البتہ میں سوچ نہیں سکتا ایسا برتاؤ پیشہ ورانہ کھیلوں میں بھی ہو رہا ہے۔

Racism

cricket

IPL

Ross Taylor

Black and White