Aaj News

برطانیہ کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پُر عزم ہیں: وزیراعظم

پاکستان کے عوام برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ خصوصی لگاؤ رکھتے ہیں
Published 08 Jun, 2022 09:25pm

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے ساتھ تعلقات کومزید مضبوط بنانےکیلئے پرعزم ہیں۔

وزیراعظم ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی تاج پوشی کے 75 سال مکمل ہونے پر برطانوی ہائی کمیشن میں خصوصی تقریب میں شرکت کی جہاں ہائی کمشنر نے ان کی آمد پر خیر مقدم کیا جب کہ اس موقع پر شہباز شریف نے کیک بھی کٹ کیا۔

تقریب سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملکہ برطانیہ کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت میرے لئے باعث افتخار ہے، پاکستان کے عوام برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ خصوصی لگاؤ رکھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات کے استحکام میں برطانوی ہائی کمشنر کا کردار لائق تحسین ہے، برطانیہ کے ساتھ دوستی پر پاکستان کو فخر ہے اور اس دوستی کو مضبوط بنائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہیں، جب خادم پنجاب تھا تو برطانیہ نے پاکستان کی بہت مدد کی، ملک کو اُس وقت 600 ملین پاؤنڈز کی امداد کی گئی تھی۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تاریخی تعلقات ہیں اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہیں۔

Shehbaz Sharif

British High Commissioner

Queen Elizabeth II

Platinum Jubilee