Aaj News

اسلام آباد ایئرپورٹ پر عازمین حج کی سہولیات کیلئے ‘روڈ ٹو مکہ’ منصوبے کے انتظامات مکمل

حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین کی امیگریشن سعودی عملہ کرے گا
Published 03 Jun, 2022 10:15pm

اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر عازمین حج کی ایمی گریشن اور پری کلیئرنس کیلئے خصوصی کاونٹر قائم کردیئے گئے ہیں۔

ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق دارالحکومت کے ہوائی اڈے میں 10 کاؤنٹر اے- 2 لاونج میں قائم کیئے گئے ہیں، اسلام آباد سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین کی امیگریشن سعودی عملہ کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ روڈ ٹو مکہ منصوبے کے تحت اسلام آباد سے 41 پروازیں آپریٹ ہوں گی، جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کی 18، سعودی ایئر لائن 18 اور نجی ایئر لائن کمپنی 5 پروازیں آپریٹ کرے گی جب کہ پہلی پرواز پی آئی اے کا طیارہ 6 جون کو مدینہ کے لئے روانہ ہوگا۔

ایئر پورٹ انتظامیہ نے بتایا کہ ہوائی اڈے پر روڈ ٹو مکہ منصوبے کے لئے سعودی ایمی گریشن عملے کو تمام تر سہولتیں فراہم کی جائیں گی،اس منصوبے کے تحت سسٹم کو سعودی عرب سے منسلک کردیا گیا ہے جس سے 2019 میں اسلام آباد سے عازمین حج نے استفادہ حاصل کیا تھا۔

Pakistan

Islamabad

Makkah

Hajj