کام کرنےکا موقع دیا تو 10 افراد بھی پختونخوا سے اسلام آباد نہیں پہنچ سکیں گے: وزیر داخلہ

Published 24 May, 2022 11:04pm
By

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر کام کرنے کا موقع دیا تو تحریک انصاف کے 10 افراد بھی خیبر پختونخوا سے اسلام آباد نہیں پہنچ سکیں گے۔

ایک بیان میں وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی لانگ مارچ سے متعلق کہنا تھا کہ پشاور میں انہیں پولیس فورس کا سکیورٹی کور ہے، یہ لوگ وہاں سے 10، 12 ہزار بندہ لانے کی کوشش کریں گے اور اگر ہمیں اپنی ذمہ داری پوری کرنے کا موقع دیا گیا تو دعوے سے کہتا ہوں 10 بندے بھی اٹک پُل پار نہیں کرسکیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ “اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان اسلحہ جمع کر رہے ہیں، کسی صورت عمران خان کو اسلام آباد نہیں آنے دوں گا۔ ریڈ زون سمیت پورے اسلام آباد کی سکیورٹی اہم ہے، ریڈ زون کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔ انتظامیہ نے درخواست کی تو رینجرز اورفوج کو بھی طلب کیا جا سکتا ہے”۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ نہیں دیکھتی کہ عمران خان بنی گالہ سے پشاور کیوں دوڑ گیا، یہ اس لئے وہاں گئے ہیں کیونکہ اس صوبے میں ان کی حکومت ہے، ایک صوبے کے وسائل کو استعمال کر کے وفاق پر چڑھائی ہوگی تو اسے روکا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے صرف مارچ روکنے کے انتظامات کئے ہیں، ہماری کوئی غلطی ہوگی تو کیمرے کی آنکھ اسے محفوظ کرے گی البتہ ہمارے انتظامات میں براہ راست تصادم کا کوئی عنصر نہیں ہے۔

For the latest news, follow us on Twitter @Aaj_Urdu. We are also on Facebook, Instagram and YouTube.